پنجاب میں اساتذہ کے بڑے پیمانے پر تبادلےاور ریٹائرمنٹ: حکومت کا بڑا ایکشن۔

پنجاب میں اساتذہ کے بڑے پیمانے پر تبادلےاور ریٹائرمنٹ: حکومت کا بڑا ایکشن۔
  • December 13, 2024
  • 163

وفاقی حکومت کی جانب سے ریٹائرمنٹ کی عمر کو 55 سال کرنے کی تجویز کے بعد، محکمہ تعلیم نے فوری طور پر سرکاری اسکولوں میں ملازمت کرنے والے 50 سے 55 سال کی عمر کے تمام اساتذہ کی تقرری کے مقامات اور پیمانے سمیت تفصیلات طلب کیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای او) کو خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 50 سے 55 سال کی عمر کے اساتذہ کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کریں جو رضاکارانہ قبل از وقت ریٹائرمنٹ چاہتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران نے پہلے ہی اساتذہ کا مکمل اور تفصیلی ڈیٹا مرتب کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ ڈیٹا 20 دسمبر سے پہلے ہائر ایجوکیشن اتھارٹی کو بھیجنا ہوگا، پنجاب بھر کے تمام اضلاع سے یہ ڈیٹا موصول ہونے کے بعد اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی درخواستوں پر غور کیا جائے گا۔

اس حوالے سے صوبائی وزارت خزانہ کو بھی آن بورڈ لے لیا گیا ہے جب کہ کوئی حتمی فیصلہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

اساتذہ کے تبادلے

سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے تبادلے اگلے ہفتے سے شروع ہو جائیں گے۔ اس سلسلے میں صوبے کے تمام 42 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سی ای اوز کو سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔

ریشنلائزیشن ضلعی سطح پر ضلعی تعلیمی افسران کی نگرانی میں کی جائے گی۔ مڈل اسکولوں میں تعینات ایس ایس ٹی ہیڈ ٹیچرز کو فوری طور پر ہائی اسکول بھیجنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ہائی اسکولوں میں مڈل اسکول ایس ایس ٹی ہیڈ ٹیچرز کی فوری تقرری کے لیے سی ای اوز کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

اس کے فوراً بعد ایس ایس ٹی اساتذہ کو ان ہائی سکولوں سے ریشنلائز کیا جائے گا جہاں طلباء کم ہوں اور اساتذہ زیادہ ہوں اور انہیں ان ہائی سکولوں میں بھیجا جائے جہاں اساتذہ کم اور طلباء زیادہ ہوں۔

اس کے بعد مڈل اور پرائمری سکولوں کے اساتذہ کو ریشنلائز کیا جائے گا جن میں طلباء کی تعداد کم اور اساتذہ زیادہ ہوں گے اور انہیں ایسے پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں میں تعینات کیا جائے گا جہاں طلباء زیادہ ہوں اور اساتذہ کم ہوں۔

ریشنلائزیشن کے تمام اختیارات تمام اضلاع کے سی ای اوز کو منتقل کر دیے گئے ہیں اور موسم سرما کی تعطیلات تک یہ عمل مکمل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

You May Also Like