جامعہ کراچی کا 2026 سے ایوی ایشن ٹیکنالوجی ڈگری پروگرام شروع کرنے کا اعلان
- September 12, 2025
- 1248
جامعہ کراچی 2026 کے تعلیمی سال سے اپنے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت ایوی ایشن ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ میں چار سالہ ڈگری پروگرام کے آغاز کے لیے تیار ہے۔
اکیڈمک کونسل جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کریں گے، 2026 کے داخلوں کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لیے (آج) جمعرات کو بلائے گی۔
اس عمل کو ہموار بنانے کی کوشش میں، داخلہ کمیٹی انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے اجراء کو تیز کر رہی ہے، تاکہ درخواستوں کا آغاز ایک ماہ قبل یعنی ستمبر کے آخر تک ہوسکے، جبکہ داخلہ کے امتحانات اکتوبر میں منعقد کیے جائیں گے۔
پچھلے سال، داخلہ نوٹس اکتوبر کے آخر میں جاری کیے گئے تھے، اور نومبر میں اسیسمنٹ منعقد کیے گئے تھے۔
انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے بتایا کہ جب کہ اس پروگرام کو گزشتہ سال اکیڈمک کونسل کی منظوری حاصل ہوئی تھی، رسمی تصدیق میں تاخیر کے وجہ سے اس وقت کسی طالب علم کو داخلہ نہیں دیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ داخلے صبح اور شام کی شفٹوں میں یکساں طور پر تقسیم ہوں گے اور انٹری ٹیسٹ کے نتائج پر مبنی ہوں گے۔ پری انجینئرنگ پس منظر کے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہیں۔
ڈاکٹر اقبال نے مزید وضاحت کی کہ نصاب میں انتظامی ماڈیولز کے ساتھ ایرو اسپیس کے تکنیکی کورسز بھی شامل ہیں، جو ایوی ایشن اور ایئر لائن کے شعبوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔



