ٹی این ای پالیسی کی خلاف ورزی: ایچ ای سی کا والدین اور طلباء کو خبردار
- April 18, 2023
- 437
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستانی تعلیمی اداروں کی جانب سے بین الاقوامی تعلیمی پالیسی( TNE) کے تحت غیر ملکی یونیورسٹیوں کے تعاون سے پاکستانی طلباء کو غیر ملکی سَند دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کمیشن نے والدین اور طلباء کو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ادارے طلبہ کو داخلہ دیتے وقت کمیشن کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور نتیجے کے طور پر طلباء کو ڈگریوں کو تسلیم کرانے کے عمل میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ایچھ ای سی نے پاکستانی اداروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ طلباء کو داخلہ کے وقت کمیشن کی طرف سے واضح کردہ تمام قانونی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔کمیشن نے ایسے پاکستانی اداروں کو TNE پالیسی پر عمل کرنے کا زور دیا ہے کہ ڈگری کو کمیشن کی طرف سے تسلیم شدہ یا مساوی کرانے کے لیے، طلباء کو ڈگری پروگرام میں داخلے کے وقت نیشنل کوالیفیکیشن فریم ورک (NQF) کے مطابق بارہ سال کی تعلیم مکمل کرنی چاہیئے اور انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئر مین (IBCC) کی طرف سے مساوی ہونا ضروری ہے۔
ایچھ ای سی نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی مرحلے پر کسی بھی خلاف ورزی کے نتیجے میں کمیشن ان ڈگریوں کو تسلیم نہیں کرے گا اور فوری طور پر نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) واپس لے گا۔ اس بیان میں والدین اور طلباء پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان مسائل سے آگاہ رہیں اور اعلیٰ تعلیم کے لیے اداروں کا انتخاب کرتے وقت ایچھ ای سی کی پالیسی کو مدنظر رکھیں۔
پاکستان میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے تعلیمی اسناد فراہم کرنے والے اداروں کی فہرست HEC کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔