قائداعظم یونیورسٹی کا طلبہ یونین بحال کرنے کا فیصلہ، چیف جسٹس کی سنڈیکیٹ اجلاس میں شرکت۔
- September 25, 2023
- 616
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے قائداعظم یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس میں بطور ممبر سینڈیکیٹ شرکت کی جس میں طلبہ یونین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی سنڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے رکن کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طلبہ یونین کی بحالی کے لیے قواعد و ضوابط طے کرنے کے لیے سیکریٹری تعلیم وسیم اجمل کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نمائندے نے کمیشن کے چیئرمین کی غیر موجودگی میں یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ اجلاس میں شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے احاطے میں مسلح پولیس اور رینجرز کی موجودگی پر برہمی کا بھی اظہار کیا۔