اسلام آباد میں سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کئی تعلیمی مراکز بند۔
- January 24, 2024
- 537
پیر کے روز وفاقی دارالحکومت میں متعدد تعلیمی اداروں کی ’سیکیورٹی خدشات‘ کی وجہ سے اچانک بندش سے اسلام آباد کے رہائشیوں میں خوف وہراس پھیل گیا کیونکہ اسکولوں سے ہنگامی کال موصول ہونے پر والدین اپنے بچوں کو لینے کے لیے دوڑتے نظر آئے۔
ذرائع نے بتایا کہ بحریہ یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، ایئر یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) اور COMSATS کو قانون نافذ کرنے والے اداروں (LEAs) کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے باعث کل غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
ان یونیورسٹیوں کے منتظمین کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے طلباء کو اپنے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ ان یونیورسٹیوں کے بند ہونے سے طلبہ کے فائنل امتحانات میں تاخیر کا خطرہ ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد میں آئندہ عام انتخابات اور پریس کلب کے باہر بلوچ مظاہرین کے دھرنے کے پیش نظر پہلے سے ہی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی اہلکار دارالحکومت کے مضافات میں علاقوں کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔