بیک وقت کام کرنا اور کالج میں پڑھائی کرنا
- March 28, 2023
- 591
اگرچہ مہنگائی کے اس دور میں بہت سے طلباء کو اپنے گھر والوں سے مالی معاونت نہ ملنے کی شکایت رہتی ہے کہ انہیں مالی طور پر مدد حاصل ہوتی تو وہ بہترین تعلیمی کارگردگی کا مظاہرہ کرسکتے تھے۔ لیکن ہم یہ کہتے ہیں کہ تعلیمی میدان میں اول رہنے کا اس بات سے کوئی سروکار نہیں ہوتا ہے۔ ذرا اپنے ارد گرد کے ماحول میں نظر دوڑائیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ بہت سے طلباء کو ہر سہولت میسر ہونے کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا صحیح انداز میں مظاہرہ نہیں کرپاتے ہیں۔ جب کہ کچھ مالی طور پر پسماندہ بچے ہر میدان میں اول نظر آتے ہیں۔
یہاں بات آپ کی ترجیحات کی ہوتی ہے۔ اگر آپ چوبیس گھنٹوں میں سے صرف چار گھنٹے پوری دنیا کے جھنجھٹ سے کٹ کر اپنی توجہ کتابوں کو دیتے ہیں تو یقین کریں یہ چار گھنٹے آپ کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے کے لئے کافی ہیں۔ اصل نقطہ آپ کی ٹائم مینجمنٹ ہے کہ آپ اپنا ٹائم کس طرح صَرف کرتے ہیں۔ ذہن کو منتشر کر دینے والی سرگرمیاں جیسے، موسیقی سننا، فیس بک پر بے جا وقت ضایع کرنا، موبائل سے کھیلتے رہنا، دوستوں کے ہمراہ بے تکہ وقت بازاروں چوراہوں اور سڑکوں پر مٹر گشت کرتے رہنا ایسے عوامل ہیں جو آپ کو پڑھائی سے بیزار کرنے کے لئے کافی ہوتے ہیں۔ اگر کچھ ایسا ہو جائے کہ اپنی تفریح کے لئے ہفتہ کا ایک دن مقرر کردیا جائے اور صرف تین گھنٹے غیر نصابی سرگرمیوں کے لئے وقف کردیا جائے تو اس سے آپ کا ذہن منتشر ہونے سے بچ سکتا ہے اور آپ اپنی پوری توجہ اپنی پڑھائی اور کام پر دے سکتے ہیں۔
یاد رکھیں کہ محنت میں کوئی عار نہیں محسوس کرنی چاہیئے کیونکہ "محنت کرنے والا خدا کا دوست ہوتا ہے"۔
بیک وقت کام کرنے اور مطالعہ کرنے کے فوائد
- مالی فوائد
ایک ہی وقت میں کام کرنے اور مطالعہ کرنے کے سب سے واضح فوائد میں سے ایک مالی فائدہ ہے۔ جزوقتی کام کرنا آپ کو آمدنی فراہم کرتا ہے جو آپ کے کالج کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے کافی ہوتے ہیں۔ ان اخراجات میں ٹیوشن فیس، درسی کتابیں، ٹرانسپورٹ کا کرایہ، کھانا اور دیگر ضروریات شامل ہوتی ہیں۔
- ٹائم مینجمنٹ
بیک وقت کام کرنے اور مطالعہ کرنے سے آپ کو اپنے وقت کا بہتر طور پر استعمال کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ دونوں ذمہ داریوں کو متوازن کرنے سے آپ کو اپنے وقت کو ترجیح دینا اور اپنے کاموں کو موثر طریقے سے مکمل کرنے کا ہنر بخوبی سمجھ آجاتا ہے۔ اس سے آپ اپنے وقت کو زیادہ منظم اور نظم و ضبط کے ساتھ گزارنے کے پابند ہوجاتے ہیں جو آپ کی آنے والی زندگی کے لئے فائدہ مند ہوتا ہے۔
- حقیقی دنیا کا تجربہ
پڑھائی کے ساتھ کام کرنے کا ایک اہم فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ دنیا داری کے معاملات کو کم عمری میں سمجھنے لگتے ہیں۔ لوگوں کے ساتھ میل جول، بول چال، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، تعلیم کو مکمل کرنے کے بعد ملازمت کے لئے درخواست دیتے وقت آپ کی سی وی پر کام کا تجربہ لکھنے سے آپ زیادہ اہل امیدوار بن جاتے ہیں۔
وقت کی کمی کی شکایت
پڑھائی کے دوران جزوقتی کام کرنا وقت طلب کوشش ہوتی ہے۔ دونوں ذمہ داریوں کو نبھانا مشکل ہوسکتا ہے اور آپ وقت پر اپنی ذمہ داریوں کو مکمل کرنے کے لئے جستجو میں لگے رہتے ہیں۔ بلاشبہ، یہ کٹھن مرحلہ ہوتا ہے لیکن کچھ عرصہ تگ و دو کے بعد آپ کے لئے یہ مشکل مرحلہ معمول ہونے لگتا ہے کیونکہ آپ اس روٹین کے عادی بن چکے ہوتے ہیں۔ لہٰذہ، خود کو پورا دن با معنی کاموں میں مصروف رکھنے سے اور چیزوں کو اچھے سے وقت دینے سے وقت کی کمی کی شکایت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
حتمی خیالات
ایک ہی وقت میں کام کرنا اور مطالعہ کرنا ایک مشکل لیکن فائدہ مند تجربہ ہوتا ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ثابت قدمی اور دوراندیشی سے کام لیا جائے۔ جذبات کے بہکاوے میں اپنی ناکامی کا کسی اور کو موردِ الزام ٹھہرانا غیور طلباء کے شایانِ شان نہیں ہوتا ہے۔
اس لئے ضروری ہے کہ اپنی زندگی کے اہداف متعین کریں، ٹائم کو مؤثر انداز سے صَرف کریں اور اپنے مقصد کو حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ ماہرین سے اور دوستوں سے مشورہ حاصل کریں اور رہنمائی کے لئے ہمارے بلاگس پڑھتے رہیں۔