ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو عالمی سطح پر اعزاز، CAREC خطے کے پانچ بہترین اداروں میں شامل

ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو عالمی سطح پر اعزاز، CAREC خطے کے پانچ بہترین اداروں میں شامل
  • May 23, 2025
  • 466

اسلام آباد میں قائم ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) کو سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن (CAREC) کے گلوبل پبلک ہیلتھ کی اعلیٰ تعلیم دینے والے پانچ "سینٹرز آف ایکسیلنس" میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اس اعزاز کے تحت HSA کو صحتِ عامہ کی تعلیم اور پالیسی میں نمایاں خدمات پر تسلیم کیا گیا ہے۔

ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے اس اہم پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے "قابلِ فخر لمحہ" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ کامیابی ہماری فیکلٹی اور شراکت داروں کی کئی سال کی محنت کا نتیجہ ہے، اور اس سے پاکستان کی عالمی تشخص مضبوط ہوگی۔"

ڈاکٹر شہزاد کے مطابق، اس اعزاز کے بعد HSA جلد ہی جون 2025 سے عالمی صحت میں ماسٹرز پروگرام کا آغاز کرے گا، جو بین الاقوامی تعلیمی معیار اور صحت کے نئے چیلنجز سے ہم آہنگ ہوگا۔

CAREC کے رکن ممالک میں پاکستان، چین، جارجیا، ازبکستان اور کرغزستان شامل ہیں، جو ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے تعاون سے خطے میں اقتصادی ترقی اور باہمی تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

منتخب پانچ اداروں میں پاکستان کی HSA کے علاوہ جارجیا کی الیا اسٹیٹ یونیورسٹی، کرغزستان کی اوش اسٹیٹ یونیورسٹی، ازبکستان کی ویسٹ منسٹر انٹرنیشنل یونیورسٹی (تاشقند)، اور چین کی شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن شامل ہیں، جو چائنا سی ڈی سی کے ساتھ مل کر اسکول آف گلوبل ہیلتھ چلا رہے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد خطے میں صحت کی تعلیم کے معیار کو بلند کرنا اور مشترکہ صحت کے مسائل کے مؤثر حل کو ممکن بنانا ہے۔ ادارے باہمی اشتراک سے بہترین طریقہ کار اختیار کریں گے تاکہ خطے میں صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

یہ اعلان صحت سے متعلق انسانی وسائل پر ہونے والی تیسری سب ورکنگ گروپ میٹنگ کے بعد سامنے آیا، جس میں ان اداروں نے اپنے تعلیمی پروگرام پیش کیے اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

You May Also Like