پاکستان انڈومنٹ فنڈ سکالرشپ پروگرام کا آغاز۔
- April 5, 2024
- 440
وفاقی حکومت نے ملک بھر کے طلباء کے لیے پنجاب انڈومنٹ فنڈ کی طرز پر پاکستان انڈومنٹ فنڈ سکالرشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پرائم منسٹر نیشنل یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے نیشنل یوتھ لون سکیم کا دائرہ کار بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرنے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے آئی ٹی کورسز اور سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
رانا مشہود نے کہا کہ زراعت، آئی ٹی اور سکل ڈویلپمنٹ ایسے شعبے ہیں جو مختصر اور وسط مدتی منصوبہ بندی کے طور پر معاشی ترقی کو تیز کر سکتے ہیں، اس لیے حکومت ان شعبوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بلین ڈالر کی صنعت سے وابستہ تقریباً 6 سے 70 لاکھ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے ایک ای-گیمنگ تنظیم قائم کی جائے گی جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گے۔
رانا مشہود نے کہا کہ بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ملک بھر میں تربیتی کیمپ اور کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فن اور ثقافت کے فروغ کے لیے ہر شعبے میں مقامی دستکاروں کو جدید تکنیک متعارف کر کے بااختیار بنایا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر اپنے فن کو فروغ دیا جا سکے۔
سیاحت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاحتی صلاحیت اور اہم سیاحتی مقامات کو دکھانے کے لیے دنیا بھر میں کیمپ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاحت کی پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے اور سیاحوں کے لیے مختلف شہروں میں ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی۔