سندھ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ہیٹ ویو کے باعث ملتوی.
- May 20, 2024
- 373
سندھ میں ہیٹ ویو کے پیش نظر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی (بی آئی ای کے) کے 22 مئی سے شروع ہونے والے امتحانات 27 مئی تک پانچ روز کے لیے موخر کر دیے گئے ہیں۔
انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کرنے کی منظوری اتوار کے روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دی، جیسا کہ صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے سفارش کی تھی۔
وزیراعلیٰ کے ترجمان نے بتایا کہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلیٰ شاہ کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تاریخ تبدیل کردی۔
گزشتہ چند ہفتوں سے میٹروپولیس کو اپنی لپیٹ میں لینے والی موجودہ گرمی کی وجہ سے کراچی اور دوسرے شہروں میں اگلے 10 دنوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
ماہر موسمیات جواد میمن نے کہا ہے کہ شہر میں پارہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے جو 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ نمی کی سطح پر محسوس ہوگا۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ میٹروپولیس میں گرمی کا موجودہ دور جاری رہے گا اور درحقیقت درجہ حرارت میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے، انہوں نے اگلے پانچ سے سات دنوں تک بارش کے امکان کو مسترد کردیا۔
پاکستان میں گرمی کی تین لہریں آ سکتی ہیں۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق، شہر میں نمی کی سطح 69 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جس کے ساتھ جنوب مغرب سے شہر میں 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
خیال رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں آئندہ 25 دنوں کے دوران تین ہیٹ ویو کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق سندھ میں عمرکوٹ، تھرپارکر، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری اور سانگھڑ میں پہلی ہیٹ ویو کا خطرہ ہے جب کہ جنوبی پنجاب کے شہر بہاولپور اور رحیم یار خان بھی متاثر ہوں گے۔
این ڈی ایم اے نے کہا کہ ہیٹ ویو کا پہلا اسپیل 15 اور 30 مئی کے درمیان دو سے تین دن تک جاری رہ سکتا ہے، کیونکہ ان شہروں میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے اور گرمی اس سے بھی زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دوسری ہیٹ ویو مئی کے آخر یا جون کے شروع میں چار سے پانچ دن تک رہنے کی توقع ہے جس میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، بدین اور خیرپور کو متاثر کرنے والی تیسری ہیٹ ویو جون کے پہلے دس دنوں میں آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔