کیا ڈی سیلینیشن پانی کے عالمی بحران کو حل کر سکتا ہے

کیا ڈی سیلینیشن پانی کے عالمی بحران کو حل کر سکتا ہے
  • April 14, 2023
  • 403

پانی کے بغیر انسان کا زندہ رہنا ناممکن ہے۔ موئن جو دڑو کے کھنڈرات میں بدل جانے کی وجوہات تلاش کرتے ہوئے تاریخدان بڑی حد تک اس بات پر متفق ہیں کہ دریائے سندھ کے بہاؤ کا رخ بدل جانے سے یہ تہذیب زوال پذیر ہوئی تھی۔ جب کہ اس شاندار تہذیب کو بنانے والا یہی دریائے سندھ تھا۔ 

تھوڑی دیر کے لئے یاد کریں کہ جب ہمارے گھروں اور محلوں کی واٹر سپلائی لائن کسی حادثے کی وجہ سے منقطع ہوجاتی ہے تو پانی کے بغیر ہمارا گذر بسر جیسے پتھر کے دؤر جیسا نظر آنے لگتا ہے۔ تاہم، ہم پینے کے پانی کا انتظام کسی بھی طرح کر ہی لیتے ہیں کیونکہ پانی ہمیں زندہ رکھنے کے لئے بے حد ضروری ہے۔  

دنیا کی آبادی کا ایک بڑا حصہ اب بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی، شہری کاری urbanization، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر اسباب کی وجہ سے عالمی سطح پر پانی کا بحران ایک سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔

پانی کی اس بحران سے نمٹنے کے لئے ماہرین اس کا حل ڈی سیلینیشن Desalination میں دیکھ رہے ہیں۔ لیکن ڈی سیلینیشن واقعی کارگر ثابت ہوگا یا ہماری آنے والی نسلوں کے لئے فائدہ مند ہوگا؟ آیئے اس پر بات کرتے ہیں۔

 ڈی سیلینیشن کیا ہے؟

ڈی سیلینیشن ایک ایسا عمل ہے جس سے سمندری پانی سے نمک اور دیگر مضرِ صحت معدنیات minerals کو ہٹا کر پینے لائق بنانا ہوتا ہے۔  اس کے علاوہ یہ زراعت اور صنعت کے لیے بھی  قابلِ استعمال ہوتا ہے۔ ڈی سیلینیشن کا عمل مختلف طریقوں سے کیا جاتا ہے جس میں ریورس اوسموسس Reverse Osmosis، تھرمل ڈسٹلیشن Thermal Distillation اور الیکٹرو ڈائلیسس electrodialysis شامل ہیں۔

  • ریورس اوسموسس 

ریورس اوسموسس پانی کو صاف کرنے کا طریقہ ہے جس میں پانی سے نمک اور دیگر معدنیات کو چھاننے کے لیے ایک جھلیmembrane   کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ریورس اوسموسس میں، پانی کو اس جھلی سے گزارا جاتا ہے جس سے ٹھوس چیزیں رک پاہر رہ جاتی ہیں اور صرف خالص پانی ہی گزر جاتا ہے۔ ریورس اوسموسس ایک وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والا ڈی سیلینیشن کا طریقہ ہے۔ دیگر ڈی سیلینیشن طریقوں کے مقابلے اس میں کم توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

  • تھرمل ڈسٹلیشن

تھرمل ڈسٹلیشن بھی ڈی سیلینشین کا ایک طریقہ ہے جس میں سمندری پانی یا کھارے پانی کو گرم کرکے بھاپ پیدا کرنا ہوتی ہے۔ اس بھاپ کو اکٹھا کرکے خالص پانی میں تیار کیا جاتا ہے۔ جب نمک اور دیگر ٹھوس اشیاء پانی میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ تاہم، یہ توانائی سے بھرپور عمل ہے جس کے لیے خاصی مقدار میں توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

  • الیکٹرو ڈائلیسز 

اس میں پانی سے نمکیات اور دیگر معدنیات کو نکالنے کے لیے بجلی کے کرنٹ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ الیکٹروڈائلسز میں، چارج شدہ الیکٹروڈ کے ساتھ ایک جھلی membrane کا استعمال کرکے نمک اور دیگر معدنیات کو پانی سے الگ کردیا جاتا ہے۔ الیکٹرو ڈائلسز نمکین پانی کے لیے ایک مؤثر طریقہ ہے لیکن یہ عام طور پر سمندری پانی کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا ہے کیونکہ یہ نمک کو صاف کرنے کے دیگر طریقوں جیسے ریورس اوسموسس یا تھرمل ڈسٹلیشن کے مقابلے میں کم موثر ہوتا ہے۔ تاہم، اس میں کم توانائی خرچ ہوتی ہے۔

دنیا میں ڈی سیلینیشن کہاں استعمال ہو رہا ہے؟

ڈی سیلینیشن کا استعمال دنیا کے بہت سے ممالک میں کیا جا رہا ہے خاص طور پر ان خطوں میں جہاں میٹھے پانی کے وسائل محدود ہیں یا جہاں پانی کا معیار خراب ہے۔ جیسے:

  • سعودی عرب: سعودی عرب دنیا میں ڈی سیلینیشن کا سب سے بڑا استعمال کرنے والا ملک ہے۔ اس کے ساحلوں پر 30 سے ​​زیادہ ڈی سیلینیشن پلانٹس ہیں اور کھارے پانی کو میٹھا بنانے والے ممالک کے تناسب سے یہ دنیا میں تقریباً 20 فیصد پانی تیار کرتا ہے۔
  • متحدہ عرب امارات (یو اے ای): متحدہ عرب امارات ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے ہیں اور کھارے پانی کو میٹھا بنانے والے ممالک کے تناسب سے یہ دنیا میں تقریباً10فیصد پانی تیار کرتا ہے۔
  • کویت: کویت اپنی میٹھے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈی سیلینیشن پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ اس کے پینے کے پانی کا تقریباً 90% ڈی سیلینیشن پلانٹس سے آتا ہے۔ 
  • اسرائیل: ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی میں اسرائیل بڑا ملک ہے اور دنیا کے سب سے بڑے ڈی سیلینیشن پلانٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی کا تقریباً 20% پیدا کرتا ہے۔

اس کے علاوہ آسٹریلیا، اسپین اور امریکہ میں ڈی سیلینیشن واٹر کا استعمال ہوتا ہے۔

 ڈی سیلینیشن پر تحفظات

اگرچہ ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی کو پانی کی کمی کے خلاف حل کے طور پر دیکھا جاتا ہے، وہاں اس پر کئی چیلنجز اور تحفظات بھی ہیں جن کو مدنظر رکھنا ضروری ہے:

  • توانائی کی ضروریات: ڈی سیلینیشن کے لئے بھرپور توانائی درکار ہوتی ہے اور توانائی کے لئے بھاری لاگت کی ضرورت ہوتی ہے۔ٰ اس توانائی سے کاربن کا نمایاں اثر ہوگاجو موسمیاتی تبدیلی کے اسباب کو مزید طاقت دے گا۔
  • لاگت: پانی صاف کرنے کا یہ طریقہ مہنگا بھی ہے خاص طور پر پانی کی فراہمی کے دیگر اختیارات کے مقابلے میں ڈی سیلینیشن کی زیادہ قیمت اسے کم آمدنی والے ممالک کے لیے مشکل بھی ہوسکتا ہے۔
  • سمندری ماحولیاتی نظام پر اثرات: ڈی سیلینیشن سے سمندری ماحولیاتی نظام پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اگر مناسب طریقے سے اس کا انتظام نہ کیا جائے۔

حتمی خیالات

ڈی سیلینیش ٹیکنالوجی پانی کی دستیابی کو بڑھانے اور انسانی استعمال، زراعت اور صنعت کے لیے پانی کا ایک قابل اعتماد ذریعہ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تاہم، اس میں کئی خرابیاں جیسے اعلی توانائی کی ضروریات، زیادہ قیمت اور سمندری ماحولیاتی نظام پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی زیادہ قابل رسائی، سستی اور پائیدار ہو سکتی ہے لیکن اس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے بیان کئے گئے مسائل اور اثرات کا جائزہ لینا ضروری ہوگا۔

You May Also Like
فرانس کی تاریخ

فرانس کی تاریخ

January 31, 2023

فرانس کی ایک بھرپور اور پیچیدہ تاریخ ہے جو ہزاروں سال پرانی ہے۔ قدیم سیلٹس اور رومیوں سے ل...

Read More...