مؤثر امتحان کی تیاری میں لکھنے کا کردار
- April 4, 2023
- 889
طلباء کو اپنی تعلیمی زندگی میں ترقی کے لئے ہر سال امتحانات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ یہ امتحان انہیں پڑھائے گئے سبجکٹ کے بارے میں علمی معلومات پر مبنی ہوتے ہیں۔ ان امتحانات میں کامیاب ہونے کے لئے، طلباء کو اچھی طرح سے تیار ہونا ضروری ہوتا ہے اور ایسا کرنے کے سب سے مؤثر طریقوں میں سے ایک لکھنے کا فن ہے۔ اس مضمون میں، ہم امتحان کی تیاری میں لکھائی کے کردار پر بات کریں گے۔
نوٹس بنائیں
لکھنے کے سب سے اہم طریقوں میں سے ایک جو طلباء کو امتحانات کی تیاری میں مدد کرسکتا ہے وہ نوٹس بنانا ہے۔ کلاس میں اساتذہ کی جانب سے پڑھائے ہوئے اسباق (lessons) کے نوٹس بنانے سے طلباء کو اہم معلومات سمجھنے اور اس معلومات کو بہت عرصہ اپنی یاداشت میں برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ نوٹس بنانا، مواد کو منظم اور خلاصہ بیان کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ نوٹس بنا کر، اپنے دئے گئے اسباق کو اچھی طرح سے ذہن نشین کرکے آپ امتحان میں حوالے (reference) کے طور پر لکھ سکتے ہیں۔ جیسے "ہمارے فزکس کے ٹیچر کے مطابق آئن اسٹائن جرمنی میں پیدا ہوئے تھے"۔ اپنے ٹیچر کا ریفرنس دے کر لکھنے کا مطلب یہاں خوشامدی کرنا نہیں ہوتا بلکہ آپ اپنے استاد کی تعظیم (respect) کرتے ہوئے ان کی بتائی ہوئی بات کو اپنی امتحانی کاپی میں تحریر کر رہے ہوتے ہیں۔ جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے استاد کو کلاس میں غور سے سنتے ہیں۔
خوب مطالعہ کریں
اپنے بنائے ہوئے نوٹس کے علاوہ دیگر ذرائع سے اپنے مضمون کی معلومات حاصل کرتے رہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر انہیں پڑھتے رہیں تاکہ ذہن نشین ہوجائے۔ پھر اس مطالعہ کو اپنے دوستوں کے ساتھ ڈسکس بھی کریں۔ یاد رکھیں کہ مطالعہ کیا ہوا مضمون کو دوستوں کے ساتھ گفتگو کے دوران شیئر کرنا دراصل آپ کو اس کے بارے میں گہری سمجھ پیدا کرنے کا خفیہ ہتھیار ہوتا ہے۔
مضمون نگاری کی مشق کریں
امتحانات میں طالب علموں کو مضامین لکھنے کی ضرورت ہوتی ہے. مضامین لکھنا ان طلباء کے لئے مشکل ہوجاتا ہے جو اس کی مشق نہیں کرتے ہیں۔ لیکن یہ ایک لازمی ہنر ہے جسے طلباء کو سمجھنا ہوگا۔ مضمون لکھنا دراصل ایک فن ہوتا ہے۔مثال کے طور پر، اپنی بات کو شروع کیسے کرنا ہے، کون سی بات کہاں کرنی ہے، ایک ہی بات کو دہرانے سے گریز کرنا شامل ہوتا ہے۔ سب سے اہم بات امتحانی کاپی میں لکھ کر مٹانے سے ہمیشہ خود کو بچائیں۔ مضمون لکھنے کی مشق کرکے، طلباء خیالات کا مؤثر طریقے سے تجزیہ کرنے اور بات چیت کرنے کی اپنی صلاحیت کو بڑھا سکتے ہیں۔ طلباء لکھنے کی مشق سے یہ بھی سیکھتے ہیں کہ اپنے دلائل کو کس طرح پیش کیا جائے۔
الفاظ کو یاد رکھیں
لکھنے کے مؤثر طریقوں میں الفاظ کا چناؤ لازمی حیثیت رکھتا ہے۔ یاد رکھیں کہ کتاب میں لکھے ہوئے فقرے (sentence) کو ہو بہو (accurately) اپنی امتحانی کاپی میں لکھنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ نے کچھ پڑھا ہی نہیں ہے۔ دراصل کتابوں میں لکھی ہوئی معلومات یا استاذہ کی بتائی ہوئی باتوں کا مطلب آپ کو سمجھانا ہوتا ہے۔ ان باتوں یا مضامین کو اچھے سے سمجھنے کے بعد، امتحانی کاپی میں آپ کو اپنے الفاظ میں بیان کرنا ہوتا ہے۔ اور اس فن کے لئے آپ کو الفاظ پر عبور ہونا لازمی ہے۔ لہٰذہ، الفاظ کے معنی پڑھنے اور یاد رکھنے سے طالب علموں کو انہیں اپنی بات لکھنے میں زیادہ آسانی ہوتی ہے۔
نقل سے بچیں
امتحان کی تیاری میں لکھنے کا ایک اور اہم پہلو نقل سے بچنا ہے۔ یہ ایک سنگین جرم ہے۔نقل سے مراد یہ ہوتی ہے کہ آپ نے کچھ پڑھا ہی نہیں ہے۔ جب آپ اپنے ساتھی کی کاپی دیکھ کر اس کے الفاظ کو اپنی امتحانی کاپی میں اتارتے ہیں تو آپ کے ٹیچر آپ کی کاپی چیک کرتے وقت فوراً اس بات کو سمجھ جاتے ہیں کہ لکھا ہوا مواد چوری شدہ ہے اور کس بچے کی کاپی سے میچ کر رہا ہے، جس کا نتیجہ کم مارکس یا فیل ہونے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔
حتمی خیالات
لکھنا مؤثر امتحان کی تیاری میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اپنی کلاس میں لیکچر سے لے کر امتحان کے موسم تک لکھنے کی بھرپور مشق کرتے رہیں تا کہ آپ کے تحریری فن میں نکھار آ سکے۔ اچھی لکھائی کا مطلب اچھے مارکس لینا ہے۔ کیونکہ امتحانی کاپی میں اچھی تحریر دراصل آپ کی ذہانت کا عکس ہوتا ہے۔