طویل تعطیلات بعد اسکول جانے والے بچوں کے لئے چند مفید مشورے

طویل تعطیلات بعد اسکول جانے والے بچوں کے لئے چند مفید مشورے
  • March 13, 2023
  • 307

طویل چھٹیوں کے بعد اسکول کھلنے سے بچوں میں ہمیشہ جوش و خروش پایا جاتا ہے۔  آپ کے بچے اسکول میں نئے اساتذہ ، نئے مضامین اور اپنے دوستوں سے دوبارہ ملنے کے بارے میں بہت زیادہ پرجوش ہونے کے ساتھ ذہنی الجھن کا بھی شکار ہوتے ہیں۔ اسی لئے بغیر کسی منصوبہ بندی کے بچوں کو اسکول جانے کی بجائے، ہماری چند باتوں پر عمل کریں جو آپ کے بچوں کے لئے یقیناً کارآمد ثابت ہوں گی۔

کیلنڈر کا استعمال کریں

بچوں کے کمرے میں کیلنڈر لٹکادیں اور ان کو واضح ہدایات دیں کے ان کا اسکول کب شروع ہونا ہے۔ اس سے آپ کے بچے ذہنی طور پر تیار رہیں گے۔ کیلنڈر کا استعمال اسکول جانے کے علاوہ بھی سکھائیں تاکہ وہ اپنے طور پر ہر گذرتے دن پر نشان لگائیں اور کسی مخصوص دن پر خاندان یا رشتے داروں کی جانب سے منعقد ہونے والے فنکشن پر نشان لگائیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ آپ کا بچہ آنے والے دنوں کی اچھی طرح منصوبہ بندی کر سکے گا۔

سونے کے وقت کے معمولات جلدی شروع کریں

عموماً تعطیلات کے دوران بچوں کے سونے اور جاگنے کی ٹائمنگ ڈسٹرب ہوجاتی ہے جیسے کہ دیر تک جاگنا اور طویل وقت تک نیند لینا۔ بچوں کے لئے صبح سویرے جاگنے کو آسان بنانے کے لئے ، والدین اسکول شروع ہونے سے کچھ دن پہلے  جلدی سونے اور صبح جلدی اٹھنے کی لازمی مشق کرائیں تاکہ اسکول کھل جانے کے بعد انہیں دقت نہ ہو۔

ضروری اشیاء خریدیں

اپنے بچوں کے ساتھ اسکول شاپنگ کرنے کے لئے ایک دن مقرر کریں۔ اسکول کا سامان جیسے یونیفارم، بیگ یا لنچ بکس کی خریداری بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرے گی اور اسکول جانے اور تمام نئی چیزوں کو استعمال کر کے ان کے جوش و خروش میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

اسکول کے نئے ماحول کو دلچسپ متعارف کرائیں

اگر آپ کا بچہ اس بارے میں فکر مند ہے کہ وہ ایک نئے ماحول میں اسکول شروع کرے گا جیسے ایک نیا کلاس روم ہونا یا کسی نئے ٹیچر کا ہونا تو بچے کے ساتھ آپ بھی اسکول تشریف لے جائیں۔ اپنے بچے کو نیا کلاس روم  دکھائیں اور پڑھانے والے ہر ٹیچر سے مصافحہ کریں، ان کی خیر سگالی دریافت کریں اور اس میں اپنے بچے کو بھی شامل کریں تاکہ اس کا ڈر دور ہوجائے۔ یہ بات یقیناً آپ کے بچے کی شخصیت میں اساتذہ کے لئے دوری کو آہستہ آہستہ ختم کردے گی اور وہ بہتر طور پر اپنی پڑھائی میں دلچسپی لے گا۔

ایک 'اسکول جانے والا دوست' تلاش کریں

اگر آپ کا بچہ پیدل اسکول جاتا ہے یا پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتا ہے تو محلے میں ضرور دوسرے بچے بھی ہوں گے جو اسی اسکول میں جاتے ہوں گے۔ لہٰذہ آپ ان کے والدین سے بات کریں تاکہ دونوں بچے اکٹھا اسکول کی جانب روانہ ہوں اور دونوں کی واپسی ساتھ ہوسکے۔ اس طرح بچوں کو اسکول جاتے ہوئے زیادہ مزہ آئے گا اور وہ اپنی پریشانیوں کا ایک دوسرے کے ساتھ ذکر بھی کرتے ہیں اور اسکول کھلنے پر زیادہ پرسکون محسوس کریں گے۔

ہوم ورک کے بارے میں بات کریں

جو بچے اسکول میں مضامین کو مناسب طریقے سے سمجھتے ہیں وہ اسکول میں زیادہ مزہ لیتے ہیں۔ اچھے معیار کا ہوم ورک موضوعات کو سمجھنے اور امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنے کا راز ہوتا ہے۔ اپنے بچے کے ہوم کرنے والی جگہ کا جائزہ لیں۔ کیا یہ کافی خاموش جگہ ہے؟ کیا یہ کافی جگہ ہے؟ کیا یہ آپ کے بچے کے لئے پرسکون جگہ ہے؟ ماحول کے علاوہ، بچے کی سرگرمیوں اور انٹرنیٹ یا ٹی وی کے استعمال کے بارے میں سوچنا بھی ضروری ہے۔ کیا آپ کے بچے کے پاس ہوم ورک کرنے کے لئے کافی وقت میسر ہے اور کیا وہ اس سے پریشان تو نہیں ہو رہا ہے؟

توقعات سے نمٹنا

بڑے بچے پہلے ہی خود سے توقعات وابستہ کرتے ہیں جو وہ اسکول میں پورا کرنا چاہتے ہیں۔ لہذا ، ان سے پوچھیں کہ وہ اسکول واپس جانے کے بارے میں کیا توقع رکھتے ہیں اور وہ کیسا محسوس کر رہے ہیں۔ اس سے بچوں کے خیالات جاننے میں مدد ملے گی۔ اور بچوں کے لئے اپنے احساسات کے بارے میں بات کرنا آسان ہوگی۔ بچوں سے پوچھنا بھی ضروری ہے کہ آیا ان کے پاس کوئی سوال ہے یا وہ کسی بھی چیز کے بارے میں غیر یقینی تو نہیں ہیں؟ انہیں بتائیں کہ کلاس میں دوسرے بچے بھی ان کے ساتھ ہوں گے اور اساتذہ ان کی مدد کرنے کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔

بچوں کی دیکھ بھال

والدین ہونے کی حیثیت سے آپ کو گھر پر ہونا چاہئے تاکہ بچوں کو صبح اسکول کے لئے تیار ہونے میں مدد مل سکے اور جب وہ واپس آتے ہیں تو ان کی نگرانی کا احساس ہو۔ اگر ایسا ممکن نہ ہو تو بچوں کو ہر ممکن مدد کا یقین دلائیں اور ان کی ضروریات پر بات کرتے رہیں۔

You May Also Like