طلباء کے سیکھنے اور کامیابی کے لئے ہوم ورک کا کردار

طلباء کے سیکھنے اور کامیابی کے لئے ہوم ورک کا کردار
  • April 12, 2023
  • 126

تعلیم حاصل کرنے یا سیکھنے کے عمل میں ہوم ورک کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ بعض بچے ہوم ورک سے لطف اندوز ہوتے نظر آتے ہیں جب کہ کچھ ہوم ورک سے شدید بیزار ہوتے ہیں۔ اسی طرح دنیا میں بچوں کو ہوم ورک دینے کے حوالے سے حامی اور مخالف دونوں ہی آراء پائی جاتی ہیں۔ حامی افراد کا کہنا ہے کہ بچوں کو ہوم ورک دینے سے انہیں اسکول میں پڑھائے جانے والے موضوع اچھی طرح ذہن نشین ہوجاتے ہیں اور اِنہیں امتحان میں بھی آسانی ہوجاتی ہے۔ اس کے ساتھ بچے گھر میں اپنا وقت مثبت مصروفیت میں گذارتے ہیں۔ 

ہوم ورک کی مخالفت میں بیان کی جانے والی رائے کے مطابق بچے پہلے سے اسکول میں ذہنی  مشقت کر کے جب گھر آتے ہیں تو اِنہیں آرام کے ساتھ جسمانی نشونما کے لئے کھیلنے اور سماجی سرگرمی میں بھی حصہ لینا چاہیئے۔

ہوم ورک کی تاریخ

ہوم ورک دینے کی تاریخ پہلی صدی میں قدیم روم سے جا ملتی ہے۔ رومی سلطنت کے ایک مئجسٹریٹ، قانوندان اور مصنف "پلینی کوچک" Pliny the younger اپنے پیروکاروں کو تقاریر  کی مشق کے طور پر ہوم ورک دیا کرتے تھے۔

انیسویں صدی میں ایک جرمن تعلیم دان ہوریس من Horace Mann نے بچوں کو ہوم ورک دینے کی زبردست طرفداری کرتے ہوئے دلائل پیش کئے اور اس طرح بچوں کو ہوم ورک دینا جرمنی کے ساتھ پورے یورپ میں پھیل گیا۔ بعد ازاں، یورپ میں تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے ہوم ورک لازمی حیثیت اختیار کرتے ہوئے امریکہ میں بھی بچوں کی روزمرہ کی زندگی کا معمولی حصہ بن گیا۔  

ہوم ورک مخالف جذبات

1901ء میں، امریکی ریاست کیلے فورنیا میں بچوں کو ہوم ورک دینے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ نیویارک ٹائمز نے طبی ماہرین کا بیان شایع کرتے ہوئے لکھا کہ ہوم ورک بچوں کی صحت پر منفی اثر ڈالتا ہے۔ جس کے بعد 1917ء تک کیلے فورنیا میں ہوم ورک دینے پر پابندی برقرار رہی۔

امریکہ-روس جنگ اور ہوم ورک کا کردار

دوسری عالمی جنگ کے بعد اور سرد جنگ کے زمانے میں، امریکہ نے اس بات کو شدت سے محسوس کیا کہ ملک کا مستقبل آنے والی نسل سے ہی روشن ہے۔ لہٰذہ، امریکی تعلیمی ماہرین نے بچوں پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے اسکول میں اِنہیں زبردست تعلیم دینے کے ساتھ سخت ہوم ورک کروانے پر زور دیا۔ خاص طور پر، روسی بچوں سے ایک قدم آگے رہنے کے لئے امریکی حکام نے بچوں کو ریاضی اور سائنس کے سبجکٹس سکھانے پر بھرپور توجہ دی گئی۔

 1980ء میں، امریکہ کی وزارتِ تعلیم نے تعلیمی اصلاحات لاتے ہوئے ہوم ورک دینے کے حق میں مہم چلائی۔ اس میں یہ نعرہ لگایا گیا کہ معیاری تعلیم کے حصول کے لئے بچوں کو ہوم ورک دینا ایک مؤثر حکمتِ عملی ہے۔

ہوم ورک دینے کے مثبت نتائج

مشی گن یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہوم ورک تعلیمی کامیابی کو بہتر بناتا ہے۔ لیکن ساتھ ساتھ اس میں یہ بھی تنبیہ کی گئی ہے کہ بچوں کو سخت کی بجائے اگر مناسب ہوم ورک دیا جائے تو اس سے بچوں کی نفسیات پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ اس نقطہء نظر سے تحقیق نے بچوں کو ایک گھنٹہ یا اس سے کم دورانیہ کا ہوم ورک دینے کی سفارش کی ہے۔

دوسری جانب ڈیوک یونیورسٹی کی طرف سے کی گئی ایک اور تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہوم ورک دینا تعلیم حاصل کرنے میں سب سے زیادہ موثر ہوتا ہے کیونکہ اس میں بچوں کو اساتذہ کی جانب سے اپنے کئے ہوئے کام پر فیڈ بیک ملتا رہتا ہے، جس سے بچوں کو خود کو پرکھنے کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

بچوں کو ہوم ورک دینے کے فوائد

اسکول کے کام کی گھر واپس آنے کی مشق کرنے میں طلباء اکتاہٹ کا شکار ضرور ہوتے ہیں لیکن اس کے فوائد بھی ہیں۔ جیسے ہر رات ہوم ورک مکمل کرنے سے، مشکل مضامین کو سمجھنے میں آسانی پیدا ہوتی جس سے بچوں میں قابلیت بڑھتی ہے۔ بچوں کو وقت کی پابندی کا خیال رہتا ہے اور بچے فضول کاموں میں مصروف رہنے کی بجائے مثبت سرگرمی کو وقت دیتے ہیں۔ ہوم ورک سے بچوں میں مطالعہ کرنے کی عادت بھی ہوجاتی ہے۔

معیاری ہوم ورک کی اہمیت

ہوم ورک کا معیار بھی طلباء کے سیکھنے اور کامیابی کا ایک اہم عنصر ہے۔ اساتذہ اور والدین کو یہ بات یاد رکھنی چاہیئے کہ زیادہ مشکل ورک اور زیادہ آسان ہوم ورک کبھی مؤثر نہیں ہو سکتا ہے۔ بار بار دھرایا جانے والا ہوم ورک یا اپنے موضوع سے ہٹ کر دیا جانے والا ہوم ورک بھی غیر مؤثر ہوتا ہے۔

معیاری ہوم ورک سے مراد گھر پر بچوں سے ایسی مشق کروانی ہے جس سے ان کی سوچ وسیع ہونے اور تنقیدی سوچ پیدا کرنے والا کام ہے۔ ہوم ورک کو موضوع سے متعلق بھی ہونا چاہئے یعنی طلباء کی کلاس میں سیکھی ہوئی چیزوں کے عین مطابق ہونا چاہیئے۔

حتمی خیالات

 ہوم ورک طلباء کے سیکھنے اور کامیابی حاصل کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔اس سے طلباء کی کارکردگی پر مثبت نتائج مرتب ہوتے ہیں۔ لیکن اساتذہ کو مشکل اور طویل دورانیہ کے ہوم ورک دینے کی بجائے ایک گھنٹے یا اس سے کم وقت کا ہوم ورک دینا چاہیئے۔ ساتھ ساتھ ہوم ورک کا معیار بھی بچوں کی سیکھنے کے عمل میں اہمیت رکھتا ہے۔

You May Also Like