یوم آزادی نہ منانے پر پرنسپلز اور اساتذہ معطل

یوم آزادی نہ منانے پر پرنسپلز اور اساتذہ معطل
  • August 16, 2023
  • 480

پشاور میں حکام نے جشن آزادی کے انعقاد میں ناکامی پر مختلف سرکاری سکولوں کے دو پرنسپلز، ایک ہیڈ ٹیچر اور دس اساتذہ کو معطل کر دیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم کے سیکرٹری سید محتسم شاہ نے جشن آزادی کے سلسلے میں پشاور کے متعدد سکولوں کا دورہ کیا۔

یوم آزادی کی تقریبات کا اہتمام نہ کرنے پر گورنمنٹ حارث شاہد ہائی سکول پشاور کے پرنسپل کو معطل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ پرائمری سکول زریاب کالونی پشاور کے پرنسپل سمیت دس اساتذہ کو بھی معطلی کا سامنا ہے۔

سیکرٹری تعلیم نے بیگم شہاب الدین گرلز ہائی سکول کی پرنسپل کو بھی معطل کر دیا ہے اور دیگر عملے کو دور دراز علاقوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق سکولوں میں یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کی ہدایات پہلے سے جاری کر دی گئی تھیں۔

سیکرٹری تعلیم نے ڈائریکٹر ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ دیگر سکولوں کے پرنسپلز اور سٹاف کے خلاف سخت کارروائی کریں جنہوں نے اپنے اپنے سکولوں میں یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد نہیں کیا۔

اس واقعے نے تعلیمی اداروں میں قومی تقریبات منانے کی اہمیت اور اس طرح کی روایات کو برقرار رکھنے کے لیے اسکول کے منتظمین کی ذمہ داریوں پر بحث چھیڑ دی ہے۔

You May Also Like